نواز شریف ودیگر کے پیرول کی مدت میں توسیع


لاہور: بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے سابق وزیراعظم نواز شریف، اُن کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر پے رول پر رہائی کے بعد لاہور پہنچ گئے ہیں۔ شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی امرا کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے پیرول میں پانچ روز کی توسیع کی سمری پر کارروائی کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے تین روز کی اجازت دے دی ہے۔

سمری میں کہا گیا تھا کہ جاتی امرا کو سب جیل قرار دینے کے باوجود پیرول کی مدت میں توسیع ضروری ہے۔ شہباز شریف نے اپنی درخواست میں پانچ روز کے لئے پیرول پر رہائی کی اپیل کی ہے، سب جیل میں رہنے کی مدت پانچ روز ہونی چاہیے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاتی امرا میں موجود نوازشریف اور مریم نواز کی طبیعت بگڑنے پر ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔ طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے نوازشریف صرف افراد خانہ سے ہی ملاقات کر سکیں گے۔

قبل ازیں مسلم لیگ نون پاکستان کے صدر شہباز شریف کی درخواست پر محکمہ داخلہ نے نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کو ابتدائی طور پر 12 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہائی کی اجازت دی تھی۔

ابتدائی اطلاع میں کہا گیا تھا کہ اڈیالہ جیل سے جاتی امرا تک سفر کا وقت پیرول کی مدت کا حصہ نہیں گنا جائے گا۔ قانونی ماہرین کا کہنا تھا کہ پیرول پر رہائی کی مدت میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ 

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد میاں محمد نواز شریف،  مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد ایئرپورٹ لایا گیا جہاں سے اُنہیں نجی طیارے کے ذریعے جاتی امرا منتقل کیا گیا۔ 

تینوں ملزمان بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ، تدفین اور آخری رسومات میں شریک ہوں گے۔ جاتی امرا کو سب جیل قرار دینے کے بعد اس کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کا عملہ بھی جاتی امرا میں تعینات رہے گا جب کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو صرف خاندان کے افراد سے ہی ملنے کی اجازت ہو گی۔ 

پے رول کی شرائط کے تحت نواز شریف نہ تو سیاسی بیان دے سکتے ہیں نا جاتی امرا سے باہر جا سکتے ہیں۔

بیگم کلثوم نواز کی میت کو پاکستان لانے کے لیے شہباز شریف بدھ کی صبح لندن روانہ ہوئے ہیں۔ لندن میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو سوا 12 بجے ریجنٹ پارک اسلامک سینٹر میں ادا کی جائے گی۔ 

کلثوم نواز کی میت کو پاکستان بھجوانے کے لیے ہیتھرو ایئر پورٹ لایا جائے گا جہاں سے شہباز شریف اپنی بھابھی کلثوم نواز کا جسد خاکی لے کر جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور پہنچیں گے۔

پاکستان میں بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعہ کو رائے ونڈ جاتی امرا میں ادا کی جائے گی جس کے بعد نواز شریف کی والد میاں شریف مرحوم کی آخری آرام گاہ کے قریب بنائی گئی قبر میں ان کی تدفین کی جائے گی۔

68 سالہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصہ سے کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھیں۔ گزشتہ برس دل کا دورہ پڑنے پر انہیں لندن کے ہارلے کلینک منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ گیارہ ستمبر کو اپنا آخری سانس لینے تک زیر علاج رہیں۔


متعلقہ خبریں