پی آئی اے: خدمات فراہمی کیلیے جدید نظام کا استعمال شروع

پی آئی اے (PIA)

اسلام آباد: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے مسافروں کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے آج سے جدید نظام کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ اس نظام کے تحت ٹکٹوں کی ریزرویشن، فلائٹ آپریشن، اکاؤنٹنگ، کریو مینجمنٹ اور پروازوں کی آمدورفت کو دیکھا جا سکے گا۔

قومی ایئر لائن نے جدید سسٹم ایوی ایشن انڈسٹری کی نمایاں کمپنیوں میں سے ایک ترک آئی ٹی کمپنی ہٹ اٹ کمپیوٹر سروسز سے حاصل کیا ہے۔ نیا نظام آج 12 ستمبر سے مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

چیئرمین و چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ثاقب عزیز کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو اس نئے نظام کے استعمال سے خاطر خواہ بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے نظام پر منتقلی وقت کے تقاضوں کے مطابق ہے۔

ثاقب عزیز نے کہا کہ نئے نظام کی سب سے نمایاں خوبی یہ ہے کہ ویب سائٹ سے آن لائن بکنگ کی سہولت کو آسان ترین بنا دیا گیا ہے۔ یہ ناصرف وقت کی اہم ضرورت ہے بلکہ گزشتہ چیک ان نظام کی تبدیلی سے پی آئی اے کی تکنیکی استعداد اور کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا۔ 

پی آئی اے چیئرمین کا کہنا تھا کہ قومی فضائی کمپنی کے کارکنوں اور ایئر لائن سے منسلک ٹریول ایجنسیز کے کارکنان کو نئے نظام کے استعمال سے متعلق تربیت پہلے ہی دی جا چکی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق مسافروں کو کسی بھی قسم کی زحمت سے بچانے کے لیے پی آئی اے کی ٹیم 24 گھنٹے کام کر رہی ہے۔

قومی فضائی کمپنی کے ترجمان کے مطابق نئے نظام پر کم وقت میں منتقلی بھی پی آئی اے ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔

مشہود تاجور کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے نئے سسٹم پر منتقلی کے عمل کے دوران مسافروں کو کسی بھی قسم کی ممکنہ پیش آنے والی زحمت پر ان کے تعاون اور تحمل کی خواہاں ہے۔

ماضی میں پی آئی اے سیٹ ریزرویشن وغیرہ کے لیے امریکن ایئر لائن سے حاصل کردہ سیبر نظام استعمال کرتی رہی ہے۔ ایئرلائن کے آپریشنز میں آنے والی تبدیلیوں کے پیش نظر اس نظام کا استعمال ترک کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ یہ پی آئی اے کو مہنگا پڑ رہا ہے۔

نئے نظام کے لیے ترک کمپنی کے ساتھ پی آئی اے نے رواں برس کے شروع میں معاہدہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں