فیصل آباد انٹرمیڈیٹ نتائج: سرکاری کالج نمایاں پوزیشن نہ لے سکے


فیصل آباد: پنجاب کے بڑے شہروں میں سے ایک فیصل آباد کے ثانوی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق سرکاری کالجوں میں زیرتعلیم طلبہ نمایاں پوزیشن حاصل نہیں کر سکے۔

نتائج کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں 87 ہزار 873 امیدواروں نے شرکت کی، 65 اعشاریہ 22 کے تناسب سے 57 ہزار 309 امیدوار کامیاب ہوئے۔ نتائج میں کامیابی کا تناسب گزشتہ سال سے بہتر نہیں ہو سکا، گزشتہ برس کے نتائج میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کا تناسب 66 فیصد تھا۔ 

ثانوی تعلیمی بورڈ کے مطابق پری میڈیکل میں 18 ہزار 874 طلبہ میں سے 16 ہزار 290 کامیاب ہوئے۔  پری انجینئرنگ گروپ میں 12 ہزار 979 امیدواروں میں سے دس ہزار 693 جب کہ جنرل گروپ میں نو ہزار 889 طلبہ میں سے چھ ہزار 211 طلبہ کامیاب ہوئے۔

نتائج کے مطابق آرٹس گروپ میں 39 ہزار 698 امیدواروں میں سے 20 ہزار 16 اور کامرس گروپ میں چھ ہزار 433 امیدواروں میں سے چار ہزار 99 طلبہ کامیاب ہوئے۔

فیصل آباد بورڈ میں مہوش سلیم کی 1051 نمبر کے ساتھ پہلی، ملائکہ نور 1047 نمبر سے دوسری اور عمر حسن 1045 نمبر لے کر  تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

نتائج کی تفصیل کے مطابق نمایاں پوزیشنیں لینے والے تینوں طلبہ نجی کالجوں میں زیر تعلیم ہیں۔ سرکاری کالجز کے صرف چار طلباء و طالبات پوزیشنز حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔ آرٹس گروپ بوائز اور گرلز میں پہلی دو پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ سرکاری کالجوں میں زیرتعلیم ہیں۔ 

 تعلیمی بورڈ کی جانب سے انٹر میڈیٹ 2018 کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقسیم انعامات کی تقریب منقعد کی گئی۔ اس موقع پر پوزیشن ہولڈر طلبہ میں میڈلز اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں کمشنر آصف اقبال، ڈپٹی کمشنر فواد احمد اور سی پی او اشفاق احمد نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں