ساف گیمز فٹ بال: پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست

لائیو: ساف گیمز پاکستان بمقابلہ بھارت سیمی فائنل


ڈھاکہ:  ساؤتھ ایشین گیمز کے فٹ بال مقابلوں کے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 1 کے مقابلے  میں 3 گول سے شکست دے دی ہے۔

ڈھاکہ کے بنگہ بدھو اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے زبردست کھیل پیش کیا تاہم کوئی بھی ٹیم اپنے مواقع  کو گول میں تبدیل نہ کر پائی۔

دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی بھارتی ٹیم نے پاکستانی گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دیے۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں بھارت کے عاشق حسین کے پاس پر منویر نے بھارت کے لیے پہلا گول اسکور کیا، اور پھرکھیل کے 49ویں منٹ میں منویر سنگھ نے ہی اپنی ٹیم کی برتری کو دوگنا کردیا۔ 

منویر سنگھ کھیل کے آخری لمحات میں ہیڈ انجری کے سبب کھیل سے باہر ہو گئے تو ان کی متبادل کھلاڑی سمت پسی نے فیلڈ میں آنے کے چند ہی منٹوں میں بھارت کے لیے تیسرا گول کر دیا۔ 

کھیل کے اختتام سے کچھ لمحات قبل حسن نے پاکستان کے لیے پہلا گول کیا لیکن یہ میچ بچانے کے لیے کافی نہیں تھا اور اس طرح بھارت نے روایتی حریف کو ہرا کر ساگ گیمز فٹ بال ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

فائنل میں بھارت کا مقابلہ مالدیپ سے ہو گا۔

پاکستانی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ نو ستمبر کو بھوٹان کی مضبوط ٹیم کو تین صفر سے شکست دے کر 13 سال بعد اس ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ 

سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستانی ٹیم کو کم از کم تین گول کی برتری سے میچ جیتنے کی ضرورت تھی اور پاکستان بھوٹان کو تین گول سے شکست دینے میں کامیاب ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں