ایپل نے اسمارٹ واچ سیریز4 متعارف کرا دی

ایپل نے اسمارٹ واچ سیریز4 متعارف کرا دی

کیوپرٹینو: دنیا کی سب سے بڑی ٹیک کمپنی ایپل نے اپنی اسمارٹ واچز کی سیریز 4 متعارف کرا دی ہے۔

کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او)  جیف ولیمز نے بدھ کے روز امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر کیوپرٹینو میں واقع اسٹیو جوبز تھیٹر میں ہونے والی لانچنگ تقریب میں یہ اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ نئی واچز میں ایک سینسر متعارف کرایا گیا ہے جو ایمرجنسی صورتحال میں صارف کی الیکٹروڈائگرام یعنی ای سی جی لے سکتا ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیچر فی الحال امریکہ کے لیے منظور ہوا ہے۔

ایپل واچ کے تین بنیادی پہلووں رابطہ سازی، فٹنس اور صحت کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘اگرچہ سیریز 4 کی اسمارٹ واچ انہی تین بنیادی زاویوں پر ڈیزائن کی گئی ہے لیکن یہ ابتدائی اسمارٹ واچز سے قدرے مختلف ہیں۔ اس سیریز میں واچز کی انجینئرنگ اور دیزائن میں جدت پیدا کی گئی ہے۔’

انہوں نے ہال میں موجود ہزاروں شائقین کو بتایا کہ سیریز 4 کی اسمارٹ واچز کیہر لحاظ سے پچھلے ورژنز سے بہتر ہے، ان کی اسکرین 30 فیصد بڑی ہیں جبکہ اس کے اسپیکرز کی آواز بھی 50 فیصد اونچی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان واچز میں S4 سینٹرل چپ استعمال کی گئی ہے اور ان کے سی پی یو کی پرفارمنس بھی پچھلی واچز کے مقابلے دوگنی ہے۔

سیریز 4 واچز کی ایک بنیادی خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ بڑھتی ہوئی دل کی دھڑکن پر صارف کو متنبہ کرتا ہے اور مسلسل ایسا ہونے کی صورت میں الارم بجنا شروع ہوجاتا ہے، جس کی مدد سے بر وقت کارروائی کر کے یقینا کئی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔

ولیمز کا کہنا تھا کہ ایپل کا مقصد موجودہ دور کے انسان کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہے اور اس مقصد میں ایپل واچ ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

اس ایونٹ میں ایپل کی جانب سے ’6.1 انچ آئی فون 9‘، ’5.8 انچ آئی فون ایکس‘ اور ’6.5 انچ آئی فون ایکس پلس‘ متعارف کرائے جائں گے۔

ولیمز نے کہا کہ 17 ستمبر سے واچ او ایس 5 جبکہ 21 ستمبر سے ایپل واچ سیریز 4  آن لائن آرڈر کی جا سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں