ترک وزیر خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے


اسلام آباد: پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد اپنے پہلے دورہ پر ترک وزیر خارجہ میولت چاؤش اولو اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آج رات پاکستان پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق ترک وزیرخارجہ کی آمد کے بعد پاکستان اور ترکی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کیے جائیں گے جب کہ ترک وزیر خارجہ صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کریں گے۔

ترک وزیر خارجہ اعلیٰ سطح ملاقاتوں میں تجارتی، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور نئی پاکستانی قیادت کو ترک صدر کا پیغام بھی پہنچائیں گے۔ 

ترک وزیر خارجہ کی جانب سے گزشتہ ماہ 29 اگست کو پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا گیا تھا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ہالینڈ کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ 

دونوں ملکوں نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے کو اسلامی کانفرنس تنظیم کے پلیٹ فارم سے اٹھانے پر رضا مندی کا اظہار کیا تھا۔

ماضی میں ہوئے رابطہ کے دوران ترک وزیر خارجہ نے پاکستان، افغانستان اور ترکی کی سہ فریقی سربراہ کانفرنس ترکی میں منعقد کرانے کی پیش کش بھی کی تھی۔


متعلقہ خبریں