وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان

پانچویں جماعت تک یکساں تعلیمی نصاب کا اطلاق اپریل 2021 سے ہوگا

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کر دیا جب کہ گورنر ہاؤس لاہور میں میوزیم، آرٹ گیلری اور پبلک پارک بنایا جائے گا۔ 

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیرا عظم ہاؤس کو ایک اعلیٰ درجے کا تعلیمی ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو تعلیمی لحاظ سے منفرد جگہ ہوگی اور گورنر ہاؤس سندھ کو بھی میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود وزیر اعظم ہاؤس میں نہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے جو 196 کنال پر مشتمل ہے جب کہ چنبا ہاؤس کو گورنر ہاؤس لاہور میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ 

شفقت محمود نے کہا کہ گورنمنٹ ہاؤس مری میں گزشتہ حکومت نے 60 کروڑ روپے لگائے تاہم اب حکومت کی تمام عیش و عشرت والی جگہوں کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پنجاب ہاؤس اور گورنر ہاؤس کی عمارت کو تعلیمی ادارے میں تبدیل کر دیا جائے گا اور 90 شاہراہ میں موجود ہال کو کنونشن سینٹر میں تبدیل کیا جائے گا جب کہ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس مال روڈ کو فائیو اسٹار ہوٹل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

وفاقی وزیر تعلیم نے آگاہ کیا کہ گورنر ہاؤس بلوچستان اور خیبرپختونخوا (کے پی) دونوں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایوان صدر سے متعلق فیصلے دوسرے مرحلے میں کیے جائیں گے اور باقی دیگر اہم سرکاری عمارتوں سے متعلق بھی جلد فیصلے کر لیے جائیں گے۔ 


متعلقہ خبریں