سینٹورس مال کو سائیٹ آفس ختم کرنے کی وارننگ


اسلام آباد: ناجائز تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے کی مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت کے مشہور سینٹورس  شاپنگ مال کی انتظامیہ کو 24 گھنٹوں میں سائیٹ آفس ختم کرنے کی وارننگ دے دی گئی ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے اسلام آباد میں مختلف تجارتی مراکز کی طرف سے غیر قانونی تعمیرات کا معائنہ کیا، اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ اگر 24 گھنٹوں کے دوران غیر قانونی تعمیرات ختم نہ ہوئیں تو مسمار کردی جائیں گی۔

کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن شروع کر رکھا ہے جس میں سی ڈی اے کے 350 اہلکاروں سمیت وفاقی پولیس، ایلیٹ فورس اور اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی شریک ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کے جوائنٹ آپریشن میں غیر قانونی طور پر قائم شادی ہال، ہوٹلز، کار شورومز اور ہاسٹلز سمیت کئی عمارتوں کو گرایا گیا ہے۔

سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں واقع صفا گولڈ مال کے دو فلور بھی سیل کر دیے ہیں۔  سی ڈی اے حکام کا مؤقف ہے کہ شاپنگ مال مالکان کو غیر قانونی فلورازخود گرانے کی ہدایت کردی گئی ہے بصورت دیگر دونوں فلورز کو نیلام کر دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں