تین میٹرو بس منصوبے سالانہ 8 ارب روپے کھا جاتے ہیں، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب تین میٹرو بس منصوبوں کیلئے 8 ارب روپے سالانہ دیتی ہے، اگر یہ سبسڈی ختم کر دی جائے تو تینوں منصوبے بند ہو جائیں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پشاور میٹرو بس منصوبہ 67 ارب روپے میں مکمل ہو گا، تاہم اس کے لیے حکومت کو کوئی سبسڈی نہیں دینی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کے لیے بھی سالانہ 3ارب سے زائد سبسڈی دینا پڑے گی۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے بورڈ آف گورنرز میں آٹھ ممبر شامل ہوں گے، بورڈ کے چئیرمین کو وزیر کی حیثیت حاصل ہو گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں وزارت کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (کیڈ) کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو وزارت داخلہ کے تحت کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی کمی سے یوریا کھاد کی پیداواررک گئی جس کی وجہ سے ایک لاکھ ٹن یوریا کھاد درآمد کرنا ہو گی۔  15 نومبر تک اپنے پلانٹس کو مکمل گیس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فائنانس بل کابینہ کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھا۔


متعلقہ خبریں