برازیل کے صدارتی امیدوار سلطنت عثمانیہ سے ہیں۔۔۔!


برازیل: صدارتی انتخابات میں عثمانی سلطنت سے تعلق رکھنے والے ایک ایسے امیدوار سامنے آئے ہیں جن کے دادا کا نام حبیب تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فرنانڈو حداد کے آباؤ اجداد عثمانی سلطنت سے تعلق رکھتے تھے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق فرنانڈو کے والد کپڑے کے تاجر تھے۔ وہ 1947 میں لبنان سے برازیل چلے گئے تھے اور پھر وہیں آباد ہوگئے۔

برازیل کے صدارتی امیدوار کی والدہ کا نام نورما ٹریسا غسین ہے۔ وہ بھی لبنانی نژاد برازیلین ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق فرنانڈو کے دادا ضلع حاتائے میں یونانی آرتھوڈوکس کلیسا کے راہب اعلیٰ تھے۔ انہوں نے   جنگ عظیم اول کے دوران دولت عثمانیہ کی طرف سے فرانسیسیوں کے خلاف جنگ میں حصہ لیا تھا۔

فرنانڈو حداد کے دادا حبیب کا انتقال سن 1961 میں برازیل میں ہوا تھا۔

13 ویں صدی کے آخر میں سلجوقی سلطنت ختم ہوئی تو اناطولیہ مختلف چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں تقسیم ہو گیا۔ اس میں سے ایک سغوط کی ریاست تھی جہاں اسی نام کا ایک قبیلہ رہائش پزیر تھا۔

تاریخ میں درج ہے کہ اس ریاست کا بانی اور قبیلے کا سردار ارطغرل تھا۔ 1281 میں ارطغرل کے انتقال کے بعد اس کے صاحبزادے عثمان اول کو سردار بنایا گیا تو وہی عثمان اول سلطنت عثمانیہ کا بانی ٹھہرا۔

 سلطنت عثمانیہ ایک مسلم سلطنت تھی جس کے حکمران ترک تھے۔ اپنے عروج کے زمانے میں یہ سلطنت تین براعظموں پر پھیلی ہوئی تھی اور جنوب مشرقی یورپ، مشرق وسطٰیٰ اور شمالی افریقہ کا بیشتر حصہ اس کے زیر نگیں تھا۔

اس سلطنت کی سرحدیں مغرب میں آبنائے جبرالٹر، مشرق میں بحیرہ قزوین، خلیج فارس اور شمال میں آسٹریا کی سرحدوں، سلوواکیہ اور کریمیا (موجودہ یوکرین) سے جنوب میں سوڈان، صومالیہ اور یمن تک پھیلی ہوئی تھیں۔ 

آل عثمان کی جولائی 1299 میں قائم ہونے والی حکومت 1922 تک قائم رہی۔ 623 سالوں کے دوران 36 سلاطین حکمران رہے۔


متعلقہ خبریں