تحریک انصاف کا کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کا فیصلہ


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے اعلی سطحی وفد نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ہم نیوز کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی قیادت میی تحریک انصاف کا وفد نماز جنازہ میں شریک ہو گا، وفد میں صوبائی وزیر میاں محمو د الرشید، میاں اسلم اقبال اور دیگر وزرا بھی شریک ہوں گے۔

بیگم کلثوم نواز گیارہ ستمبر کو طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔ ان کی نماز جنازہ آج جمعرات کو لندن کے رجمنٹ پارک میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں حسن نواز، حسین نواز، شہباز شریف، اسحاق ڈار اور چوہدری نثار سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ 

شہباز شریف کلثوم نواز کی میت لینے لندن میں موجود ہیں، اپوزیشن لیڈر جمعہ کو سابق خاتون اول کی میت لے کر پاکستان واپس پہنچیں گے۔ 

 پاکستان پہنچنے پر کلثوم نواز کی نماز جنازہ شریف میڈیکل کمپلیکس رائیونڈ میں شام پانچ بجے ادا کی جائے گی۔ 

کلثوم نواز کی وفات کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو پیرول پر رہا کر دیا گیا تھا۔ 


متعلقہ خبریں