ترک صدر کا نواز شریف سے فون پر اظہار تعزیت


انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے نوازشریف کو ٹیلی فون کر کے  بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اپنے اور اہلخانہ کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے کلثوم نواز کو اخلاق، پاکیزہ اطوار، رحم دلی اور مہمان نوازی کے اوصاف سے نوازا تھا، ان کی وفات یقینا شریف خاندان کے لئے ایک بڑا صدمہ ہے۔

ترک صدر نے اپنی اہلیہ اور بچوں کی جانب سے نوازشریف اور مریم نواز سمیت دیگر اہلخانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر رنج وغم کے جذبات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور تمام اہلخانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف اور صدر پاکستان عارف علوی سمیت تمام شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا۔ 

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ بیگم کلثوم کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا، وہ انتہائی باوقار خاتون تھیں اور انہوں نے بیماری کا بہادری سے مقابلہ کیا۔

صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کی بلندی درجات کے لیے دعا کی تھی۔

 


متعلقہ خبریں