ملک بھر میں مزید بارشوں اور طوفان کی پیشگوئی


اسلام آباد: محمکہ موسمیات نے مون سون کے آخری مرحلے میں ملک کے بیشتر حصوں میں طوفان اور تیز آندھی کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

جمعہ کو سامنے آنے والی تفصیل میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوچکا ہے جس کے باعث ملک کے شمالی علاقہ جات تین روز تک طوفانی ہوائیں کی زد میں رہیں گے۔ اس دوران  پنجاب کے بالائی علاقوں گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن میں اتوار تک تیز آندھی چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں بھی  تیز بارش ہو سکتی ہے جب کہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

طوفان کی شدت سے خبردار کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کی تلقین

موسم کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے ادارے نے خبردار کیا ہے کہ یہ طوفان گزشتہ دنوں کی نسبت سخت نوعیت کا ہوسکتا ہے، تمام متعلقہ محکموں اور دیگر اداروں کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے لوگوں کو تیز آندھی سے بچنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی تلقین کی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کے لوگ تیز آندھی کی صورت میں بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور جستی چادر اور ٹین کی چھتوں کے مضبوطی سے جڑے ہونے کو یقینی بنائیں۔

گزشتہ رات اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت گردونواح  میں بادل کھل کر برسے جس کے بعد تیز ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوش گوار ہوگیا۔ ملکہ کوہسار مری اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش کے ساتھ ہلکی ژالہ باری نے ٹھنڈ میں اضافہ کر دیا۔

آسمانی بجلی گرنے سے موبائل ٹاور میں آگ لگ گئی

خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک موبائل ٹاور کو آگ لگ گئی جس کے باعث  ٹاور مکمل طور پر جل گیا۔ اہل علاقہ نے فورا ریسکیو 1122 کو اطلاع دی جس کے بعد اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

تیز بارش کے باعث بجلی بند رہی جس سے امدادی اہلکاروں کو ٹاور میں لگی آگ پر قابو پانے میں دشواری پیش آئی تاہم واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔


متعلقہ خبریں