پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش


اسلام آباد: اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا ( کے پی ) کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوش گوار ہو گیا جب کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بھی ان علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژن، اسلام آباد،سائیوال، فیصل آباد،ملتان، ڈی جی خان جب کہ  کے پی کے علاقوں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان اور کوہاٹ ڈویژن میں بارش کا امکان ہے۔ 

گلگت بلتستان، ژوب، بنوں سمیت دیگر علاقوں میں گرچ چمک اور تیز آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق جن علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بارش ہوئی ان میں جڑواں شہروں کے علاوہ، سرگودھا، گوجرانوالہ، مالا کنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، بنوں ڈویژن، گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی جب کہ ملک کے دیگر حصوں کا موسم گرم رہا۔ 

سب سے زیادہ بارش پنجاب کے علاقے نور پور تھل میں 41 ملی میٹر جب کہ اسلام آباد میں 32 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گوجرانوالہ میں 20 ملی میٹر، کوٹلی 18 ،منڈی بہاؤ الدین اور بنوں 15 ، گجرات 12، سیالکوٹ 11، مری اور جہلم 11 جب کہ بالا کوٹ میں نو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔  

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ گرمی سبی 44 ڈگری سینٹی گریڈ، تربت 42 ڈگری سینٹی گریڈ اور دادو میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔ 


متعلقہ خبریں