بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینا زندگی کا مشن ہے،اسد قیصر

پہلی مرتبہ ڈومیسٹک کامرس پالیسی لانیکا اعلان، وزارت تجارت کی بریفنگ

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں جب کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ان کی زندگی کا مشن ہے۔  

اسپیکر قومی اسمبلی سے ہواوے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو چی لن جگ نے اسپیکر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں چین کے سابق سفیر ژانگ چنا نانگ بھی موجود تھے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ میں پاکستانی نوجوانوں کے روزگار کی خاطر اپنی تمام تر توانائیاں صرف کروں گا جب کہ سرکاری ملازمتوں کے علاوہ ہمیں نجی ملازمتوں کے حصول کے لیے بھی کردار ادا کرنا ہو گا۔   

اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہر لحاظ سے باصلاحیت اور محب وطن ہیں لیکن مناسب روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث بے راہ روی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ نوجوانوں کو درست سمت میں لانے کے لیے نہ صرف سرکاری ملازمتوں بلکہ نجی ملازمتوں کے حصول کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔

چی لن جگ سے ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے سی پیک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی تکمیل پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سنگ میل ثابت ہو گی۔ سی پیک منصوبے کی تکمیل کے لیے میں ہر حد تک جانے کے لیے تیار ہوں۔

اس موقع پر ہواوے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو چی لن جگ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کی خاطر کمپنی ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے چی لن جگ سے اسلام آباد سیف سٹی پروجیکٹ میں موجود تمام خامیوں اور نقائص کو ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت کی۔

چی لن جگ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلام آباد سیف سٹی میں موجود ہر قسم کے نقائص کو دور کرنے کے لیے اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں