پسند کی شادی کو ’جرم‘ بنانے کے خلاف وزیراعلیٰ کا نوٹس

کورونا وائرس: وزیر اعلیٰ پنجاب نے سخت ہدایات جاری کر دیں

فوٹو: فائل


کبیروالا: پسند کی شادی کرنے والے نوجوان اوراس کے بھائی پر انسانیت سوز تشدد کرنے کا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا اورڈی پی او خانیوال سے رپورٹ طلب کر لی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے اورتشدد کا نشانہ بننے والے بھائیوں کوہر قیمت پر انصاف فراہم کیاجائے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق کبیروالا کے علاقے کنڈ سرگانہ میں پیش آنے والے واقعہ کی خبر نشر ہونے اور ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے پہلے ہی ملزمان کے خلا ف تھانہ سرائے سدھو میں مقدمہ درج کرلیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق پولیس نے لڑکی کے نانا امیر، شہزاد اورجاوید نامی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ تایا، چچا اوردیگر عزیزو اقارب کی گرفتاری کے لیے چھاپے ماررہی ہے۔

کبیروالا میں محبت کی شادی کے ’جرم‘ پر لڑکی کے رشتہ داروں نے نوجوان اوراس کے بھائی کو بھیانک تشدد کا نشانہ بنایا، ڈنڈوں سے مارا، ناک سے زمین پر لکیریں نکلوائیں اورکتے کی طرح بھونکنے پر مجبور کرتے ہوئے ویڈیو بھی بنائی۔

ہم نیوز کے مطابق تلمبہ کے رہائشی نوجوان نے کورٹ میرج کرلی تھی تو لڑکی کے رشتہ دار باقاعدہ رخصی کا دلاسہ دے کر دلہن کو اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔

علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کورٹ میرج کی ’گستاخی‘ کرنے والے نوجوان کو پانچ دن قبل بہانے سے کنڈ سرگانہ بلوایا اور پھر سب نے ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا۔ تشدد کانشانہ بننے والوں کو یہ دہمکی بھی دی گئی کہ کسی کو بتانے کے نتائج مزید بھیانک نکلیں گے۔

پولیس مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے ماررہی ہے۔


متعلقہ خبریں