حکومت نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کر لیا

ہمیں کیوں بیرونی دورے نہیں کراتے؟ اپوزیشن اور حکومتی اتحادی نالاں

فوٹو: فائل


اسلام آباد حکومت نے وفاقی کابینہ میں ایک بار پھر توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت محرم الحرام کے بعد چار سے پانچ نئے وزراء اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور کراچی سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا، چار سدہ سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی فضل محمد خان، ڈیرہ اسماعیل خان سے منتخب رکن قومی اسمبلی علی امین گنڈا پور اور اعظم خان سواتی کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ 

معاملہ سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین سینیٹ رہنے والے محمد میاں سومرو جو وزارت کے معاملے پر پارٹی سے ناراض ہیں اُنہیں بھی راضی کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہے۔ 

محمد میاں سومرو کا نام کابینہ میں گزشتہ دنوں ہونے والی توسیع کے وقت بھی سامنے آیا تھا وہ تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوئے تھے حلف اٹھائے بغیر ہی واپس کراچی روانہ ہو گئے تھے۔

تحریک انصاف حکومت کی موجودہ کابینہ کی تعداد 30 ہو چکی ہے۔ موجودہ کابینہ میں 19 وفاقی وزراء، چار وزرائے مملکت، چار خصوصی مشیر اور تین معاونین خصوصی ہیں۔ کابینہ کے لیے دو پارلیمانی سیکرٹریز کے ناموں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

گیارہ ستمبر کو بھی وفاقی کابینہ میں توسیع کی گئی تھی جس میں چھ وزراء نے حلف اٹھایا تھا۔ کابینہ کی دوسری بار توسیع کے تحت حلف اٹھانے والوں میں علی زیدی، علی محمد مہر، عمر ایوب خان، مراد سعید، شبیر قریشی اور حماد اظہر شامل تھے۔

25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے بعد قائم ہونے والی تحریک انصاف حکومت نے سادگی و کفایت شعاری کو بطور پالیسی اپنانے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان بھی اپنی تقاریر میں متعدد بار اخراجات کم رکھنے کے لیے اقدامات کا اعلان کر چکے ہیں۔

حکومتی سطح پر کفایت شعاری و سادگی اپنانے کے تحت جن اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا ان میں کابینہ کا حجم مختصر رکھا جانا بھی شامل تھا۔


متعلقہ خبریں