صادق خان کا بریگزٹ معاہدے کے لیے نئے ریفرنڈم کا مطالبہ


لندن: لندن کے میئر صادق خان نے یورپی یونین سے برطانوی انخلاء کے معاہدے بریگزٹ (برٹش ایگزٹ) پر ایک اور ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

صادق خان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ لوگوں کو بریگزٹ کو مسترد کرنے کا موقع ملنا چاہیے، میئر لندن کے مطابق برطانویوں کے حصے میں یا تو ایک بری ڈیل آئے گی یا پھر ڈیل ہو گی ہی نہیں، جس کا اثر طرز رہائش اور نوکریوں پر پڑے گا۔

انہوں نے برطانوی وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تھریسامے کے پاس برطانوی معیشت سے کھیلنے کا مینڈیٹ نہیں ہے۔

بریگزٹ معاملے پر وزیر اعظم تھریسامے اپنا واضح موقف دے چکی ہیں۔ ان کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج سے متعلق کوئی نیا ریفرنڈم ناممکن ہے۔ بریگزٹ کا فیصلہ ہو چکا ہے اور اس پر عمل نہ کرنا سیاستدانوں پر عوامی اعتماد کے لیے تباہ کن ہو گا۔ 

اس سے قبل گزشتہ سال برطانوی سپریم کورٹ نے بریگزٹ سے متعلق حکومتی اپیل مسترد کر دی تھی، جس کے تحت یورپی یونین چھوڑنے کے مذاکرات شروع کرنے کے لیے پارلیمان کی منظوری ضروری قرار دی گئی ہے۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ بریگزٹ پر عمل درآمد شروع کرنے کا فیصلہ پارلیمان میں ووٹنگ کے ذریعے کیا جائے۔


متعلقہ خبریں