گورنر ہاؤس پنجاب بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا


لاہور: گورنر ہاؤس پنجاب کے عوام کے لیے کھلتے ہی چھٹی کے روز دیر تک سونے کے لیے مشہور لاہور کے شہری علی الصبح ہی سیروتفریح کے لیے پہنچ گئے۔

حکومتی اعلان کے تحت تاریخ و تہذیب کا امین، سیکڑوں کنال پھر پھیلا، پرشکوہ عمارت والا گورنر ہاؤس لاہور اتوار کے روز عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق بلند وبالا چار دیواری میں گھرے  گورنر ہاؤس کےاندر ایک الگ ہی دنیا ہے جس میں مغل بادشاہ اکبرکے کزن محمد قاسم خان کا مقبرہ بھی موجود ہے۔

16 ستمبر، بروز اتوار صبح دس بجے گورنر ہاؤس پنجاب میں داخلے کی اجازت ملتے ہی زندہ دلان لاہور اس تاریخی مقام کے وسیع و عریض باغات، حسین فوارے، جھیل اور جھولے دیکھنے گورنر ہاؤس پہنچے۔

شہری گورنر ہاؤس کو دیکھ کر خوش بھی ہوئے اور حیران بھی، خاص طور پر گورنر ہاؤس کا چڑیا گھر بچوں اور بڑوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا جہاں مور، بطخیں، کینگروز اور نایاب نسل کے پرندے موجود ہیں۔

تحریک انصاف حکومت کے اعلان کے مطابق گورنر ہاؤس ہر اتوار کو عوام کے لیے کھولا جائے گا۔ تاہم گورنر ہاؤس کی عمارت میں موجود دفاتر اورگورنر کی رہائش گاہ شہریوں کے لیے نہیں کھولی جائے گی۔


متعلقہ خبریں