گیس قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دے دی گئی

گیس قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دے دی گئی | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گیس قیمتوں میں اضافہ کی منظور دیتے ہوئے قیمتوں کے سلیب میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ اسد عمر نے گیس قیمتوں میں اضافہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ غریب صارفین پر کم از کم بوجھ ڈالا گیا ہے، امیر ترین طبقہ کے لیے گیس قیمتوں میں زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایل پی جی کی درآمد پر ٹیکس کم کر کے دس فیصد کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ درآمدات سے ایل پی جی کی قیمت میں کمی ہو گی۔

دریں اثناء وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ عام صارفین کے لیےقدرتی گیس کی قیمتوں میں دس سے 20 فیصد اضافہ کیا ہے۔ 500 کیوبک میٹر سے زائد ماہانہ گیس استعمال کرنے والوں کے لئے 140 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کافی دنوں سے گیس کی قیمتیں بڑھانے کے حوالے سے خبریں چل رہی ہیں، ن لیگ کی حکومت آئی تو ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی منافع میں جارہی تھیں۔ حکومت ختم ہوئی تو دونوں ادارے 152 ارب کے مقروض ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی 23 فیصد آبادی سوئی گیس استعمال کرتی ہے، 60 فیصد آبادی ایل پی جی گیس استعمال کرتی ہے۔

گیس قیمتوں میں اضافہ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے صارفین کو تین مختلف سلیبز میں تقسیم کیا ہے۔ 50 کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے قیمتوں میں 10 فیصد، 100 کیوبک میٹر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 15 فیصد اور 200 کیوبک میٹر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 19 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ گیس سلنڈر کی قیمت 1600 سے کم ہو کر 1400 روپے ہو گئی ہے۔ عام صارف پر لوڈ کم کرکے بڑے صارف پر لوڈ بڑھایا گیا ہے۔

قیمتوں میں اضافہ کی تفصیل بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ آئٹمز بنانے والی صنعت کے لیے گیس کی قیمت نہیں بڑھائی۔ پنجاب کی سی این جی کو ایل پی جی میں کنورٹ کر دیا تھا، سندھ اور خیبرپختونخوا میں سی این جی 40 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے سامنے آنے والی سابقہ خبر میں کہا گیا تھا کہ وزارت پیٹرولیم نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی نئی سمری پیش کی ہے جس پر آج کے اجلاس میں غور ہونا تھا۔

وزارت پیٹرولیم کی سمری میں گیس کے گھریلو اورکمرشل صارفین کیلئے نیا ٹیرف تجویز کیا گیا تھا۔

گزشتہ اجلاس کے دوران وزیر خزانہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے تمام فریقین سے رپورٹ طلب کی تھی۔

وزارت پیٹرولیم نے گیس کی قیمتوں میں 30 سے 166 فیصد تک اضافے کی سفارش کی تھی۔
[embeddoc url=”https://urduhumnews.wpengine.com/wp-content/uploads/2018/09/Gas-Sale-price-17-9-2018.pdf” download=”all”]


متعلقہ خبریں