عمران خان کا دورہ سعودی عرب و متحدہ عرب امارات

سرکاری زمینوں کے ’مردہ سرمایہ‘ کو آمدن میں بدلنے کی تجویز

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کل اپنے پہلے غیرملکی دو روزہ  دورے پر سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم  سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے اور اس شاہی ضیافت میں شریک ہوں گے جو سعودی فرمانروا کی جانب سے ان کے اعزاز میں دی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد بھی ملاقات کریں گے۔ سعودی عرب میں قیام کے دوران وزیراعظم عمران خان عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے اورمدینہ منورہ کی بھی زیارت کریں گے۔

دورہ سعودی عرب میں وزیراعظم کے ہمراہ خارجہ اور خزانہ کے وفاقی وزرا اور مشیر تجارت بھی ہوں گے جو اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔

پاکستان کے وزیراعظم سعودی عرب کے دورے کے اختتام پر بدھ کی شام اپنے وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچیں گے جہاں ولی عہد محمد بن زید النہیان ان کا ایئرپورٹ پر استقبال کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔

پاکستان کے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کے دن پارلیمنٹ ہاؤس میں اس ضمن میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو سعودی عرب سے دورے کی دعوت ملی تھی۔

وزیرخارجہ نے دعویٰ کیا کہ دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں گہرائی پیدا ہوگی اور حالیہ فاصلوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔


متعلقہ خبریں