کیرولینا میں سمندری طوفان سے 23 افراد ہلاک

کیرولائنا میں سمندری طوفان سے 23 افراد ہلاک | urduhumnews.wpengine.com

کولمبیا: امریکی ریاست شمالی و جنوبی کیرولینا میں سمندری طوفان’فلورنس‘ کے سبب مجموعی طور پر 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جنوبی علاقے میں چھ جبکہ شمالی میں 17 افراد ہلاک ہوئے۔

فلورنس نامی سمندری طوفان جمعے کو شمالی کیرولینا سے ٹکرایا تھا اور وہاں تباہی پھیلاتے ہوئے اب یہ پڑوسی ریاست جنوبی کیرولینا میں داخل ہوگیا ہے۔ ابتدائی طور پر سمندری طوفان کی رفتار 145 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی جس میں بعد ازاں کسی حد تک کمی واقع ہوئی۔

حکام کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب جنوبی کیرولینا کے دارالحکومت کولمبیا میں  فلورنس کی رفتار 65 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔

کیرولینا کا زمینی رابطہ امریکہ کی دیگر ریاستوں سے منقطع ہو گیا ہے اور حکام کی جانب سے متاثرین کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے باہر نکالنے اور خوارک پہنچانے انتظام کیا جا رہا ہے۔

سیلاب سے متاثرہ ریاست میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد رہائش پذیر ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امریکی میرینز، کوسٹ گارڈ، سول انتظامیہ اور رضاکار ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں کی مدد سے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور اب تک پانی میں گھری عمارتوں میں پھنسے سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

طوفانی بارشوں کے باعث شمالی کیرولینا میں کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ ریاست میں بجلی کی ترسیل کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

موسمیاتی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ شمالی کیرولینا کے تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ اتوار یا پیر تک ریکارڈ سطح پر پہنچ جائے گا اور تقریباً تمام دریاؤں کا پانی کناروں سے نکل کر نزدیکی آبادیوں کو ڈبونے کا باعث بنے گا۔

موسمیاتی اداروں نے خبردار کیا تھا کہ شمالی کیرولینا کے تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ اتوار یا پیر تک ریکارڈ سطح  پر پہنچ  جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں