این اے 249 کی دوبارہ گنتی، فیصل واوڈا کو نوٹس جاری

این اے 249 کی دوبارہ گنتی، فیصل واوڈا کو نوٹس جاری

کراچی: الیکشن کمیشن سندھ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی این اے 249 کراچی غربی میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے جیتنے والے امیدوار فیصل ووڈا اور ریٹرننگ افسر کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی جانب سے  دوبارہ گنتی کے لیے دائر درخواست پرسماعت ہوئی، ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ  نے کیس کی سماعت کی۔

شہبازشریف کے وکیل شرافت علی نے دوران سماعت موقف اختیار کیا کہ دوبارہ گنتی سے متعلق پریذائیڈنگ افسر، ریٹرننگ افسر اور الیکشن کمیشن میں درخواستیں دیں لیکن تینوں فورمز پر دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے فاتح امیدوار فیصل واوڈا 723 ووٹوں کے فرق سے جیتے ہیں۔ حلقے میں مسترد ووٹ 2600 ہیں پھر بھی دوبارہ گنتی نہیں کی گئی۔ 

الیکشن کمیشن کے رکن الطاف ابراہیم نے استفسار کیا کہ وقت کم ہے تو آپ اس معاملے کو ٹریبونل میں کیوں نہیں لے جاتے۔ اس پر شہبازشریف کے وکیل نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن قانون کے مطابق اس پر فیصلہ کر سکتا ہے۔

وکیل نے موقف اپنایا کہ فارم 45 درست طریقے سے پر نہیں کیا گیا، فارم 45 پر جگہ جگہ کاٹ کر دوبارہ لکھا گیا ہے اور یہ سب چیزیں ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

کیس کی آئندہ سماعت 26 ستمبر کو ہو گی۔


متعلقہ خبریں