سعودی عرب کا دورہ، وزیراعظم جدہ پہنچ گئے

وزیراعظم کی روضہ رسول کی زیارت کے بعد جدہ روانگی

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوسرے مرحلے میں جدہ پہنچ گئے۔ 

ایئرپورٹ پر انہیں مکہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر، جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران نے استقبال کیا۔

اس سے قبل عمران خان اور ان کے وفد نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کی، وفد کے لیے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔ وفد نے ریاض الجنتہ میں نماز مغرب پڑھی اور نوافل ادا کیے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں مدینہ منورہ پہنچے تو ایئرپورٹ پر مدینہ کے گورنرشہزادہ  فیصل بن سلمان  اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق سمیت سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔

بطور وزیراعظم یہ عمران خان کا پہلا غیرملکی دورہ ہے، وزارت خارجہ کے مطابق وہ پہلے سعودی عرب اور بعد ازاں متحدہ عرب امارات جائیں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی،  وزیراطلاعات فواد چوہدری، وزیرخزانہ اسد عمراور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور  عبدالرزاق داود بھی وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔ عمران خان اور وفد کے دیگر افراد نور خان ایئربیس سے خصوصی طیارے پر روانہ ہوئے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے اور اس شاہی ضیافت میں شریک ہوں گے جو سعودی فرمانروا کی جانب سے ان کے اعزاز میں دی جائے گی۔

دفترخارجہ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ وزیراعظم سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد بھی ملاقات کریں گے۔ سعودی عرب میں قیام کے دوران وزیراعظم عمران خان عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے اورمدینہ منورہ کی بھی زیارت کریں گے۔

پاکستان کے وزیراعظم سعودی عرب کے دورے کے اختتام پر بدھ کی شام اپنے وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں