پاکستان میرے دل میں بستا ہے، برطانوی وزیرداخلہ

پاکستان میرے دل میں بستا ہے، برطانوی وزیرداخلہ

لاہور: برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید نے کہا ہے کہ ان کے والدین کا تعلق پنجاب کے ضلع ساہیوال سے ہے اور پاکستان ان کے دل میں بستا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ برطانیہ پنجاب حکومت کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ ترقیاتی اہداف کے حصول سمیت تعلیم اور کاروباری مواقع کے فروغ کے لیے مستقبل میں مل کر کام کریں گے۔

برطانیوی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اورانتہا پسندی ہم سب کے لیے مشترکہ چیلنج ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ ترقی و خوشحالی کے سفر میں مضبوط شراکت دار ہیں۔ برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس کے ذریعے مستقبل میں مختلف شعبوں میں مزید بہتری لانے کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم کی ملک کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم عمران خان نے تبدیلی کا آغاز پنجاب سے کیا ہے جہاں سے ایک پسماندہ علاقے کے ایم پی اے کو وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے۔ وزیراعظم کا 100 روزہ ایجنڈا پاکستان کی ترقی او رخوشحالی کا پروگرام ہے۔

پولیس اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت پولیس نظام میں اصلاحات لا کر اسے مکمل غیر جانبدار بنائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بلدیاتی نظام میں بھی ضروری تبدیلیاں لائی جائیں گی تاکہ اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں۔

ملکی حالات کے حوالے سے عثمان بزدارنے بتایا کہ تعلیم، انفراسٹرکچراور صحت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری لانے کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے ناسورپر بہت حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان نے ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانی دی ہے۔

ملاقات میں برطانوی وزیر داخلہ نے عثمان بزدار کو وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

ملاقات میں تعلیم اور صحت کے شعبوں اور قانون کی حکمرانی کے پروگرام کے تحت تعاون کومزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔


متعلقہ خبریں