گوادر میں کوئی جنگی جہاز لنگرانداز نہیں ہوا، نیول چیف


اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ گوادر خالصتاََ ایک تجارتی بندرگاہ ہے اور ابھی تک کوئی بھی غیر ملکی جنگی جہاز اس پر لنگرانداز نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ نے کثیر القوی بحری مشق امن 19 کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی ہے جس میں تقریبا 50 ممالک کی شرکت متوقع ہے جو ’ امن کے لیے متحد ‘ عزم کے ساتھ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

اںہوں نے یہ بات اپنے دورہ امریکہ کے دوران پاکستانی اور امریکی صحافیوں سے بات چیت کے دوران کی۔ نیول چیف نے پاکستان کے میری ٹائم سیکیورٹی کے نظریے کو اجاگر کرنے اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار اورخطے کے لیے پاک چین راہدری  (سی پیک) منصوبے سے پیدا ہونے والے ترقی کے مواقع کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی 18 سے 23 ستمبر تک امریکہ میں منعقدہ 23 ویں انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کے لیے امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔

دورے کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے خاتون کانگریس رکن شیلا جیکسن ،ایشئن پیسیفک ڈیپارٹمنٹ آف ڈیفنس جناب رینڈل شرائیور، پریزیڈنٹ سنٹر فارنیو امریکن سکیورٹی کے صدر جناب رچرڈ فونٹین، وائس پریزیڈنٹ ہیریٹج ڈاکٹر جیمز جے کارافانو اوراٹلانٹک کونسل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب فریڈریک کیمپ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور بشمول دو طرفہ دفاعی تعلقات اور بحرِ ہند کی سیکیورٹی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ عالمی معیشت کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مستحکم ، محفوظ اور پُر امن میری ٹائم ماحول کے سلسلے میں پاکستان اور امریکہ مشترکہ نظریے پر متفق ہیں۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عزم اور اس جنگ میں پاکستان کی کارکردگی بالخصوص علاقائی امن وامان کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ نیول چیف نے کثیرالقومی چیلنجز اور میری ٹائم خطرات کا بھرپور انداز سے مقابلہ کرنے کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

امریکی عہدیداران نے میری ٹائم خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے کردار اور خدمات کو سراہا۔

نیول چیف کے دورے کے دوران نامور امریکی تھنک ٹینکس اور مفکرین سے تبادلہ خیال اور گول میز مباحثوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ اسی دوران بحرِہند کے سیکیورٹی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ نے پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی کے اقدام کا تفصیلی احاطہ کیا جس کے قیام کا مقصد خطے میں محفوظ اور پُرامن سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں عالمی ذمہ داریوں کو نبھانا ہے۔

قبل ازیں ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر جناب علی جہانگیر صدیقی سے بھی ملاقات کی۔ 


متعلقہ خبریں