چاند کا پہلا سیاح: جاپان کا ارب پتی یوساکومازاوا


ٹوکیو: جاپان کے کروڑ پتی یوساکو مازاوا چاند پر جانے والے پہلے ’سیاح‘ ہوں گے۔ انہیں کسی بھی شکل میں چاند کی  زمین پر اترنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے بانی ایلن مسک نے بتایا کہ جب 42 سالہ یوساکومازاوا کا انتخاب کیا گیا تو وہ اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکے۔ وہ ارب پتی کاروباری، ممتاز فیشن ڈیزائنر اورآرٹ کیوریٹر ہیں۔

چاند پر سیاحت کی غرض سے جانے والے پہلے سیاح کا ’ٹائیٹل‘ اپنے نام کرنے والے ارب پتی جاپانی کا کہنا تھا کہ وہ بچپن ہی سے چاند پر جانے کے خواہش مند تھے اوراس کے متعلق انہیں خیالات بھی آتے تھے۔

خلائی کمپنی اسپیس ایکس نے 14 ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ اس نے ایک پرائیویٹ مسافر سے معاہدہ کیا ہے جو بی ایف راکٹ میں چاند کے گرد سیر کرے گا۔

یوساکومازاوا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہمراہ کچھ فنکاروں کو بھی لے جائیں گے تاکہ راستے کا سفر آسان اوردلچسپ رہے۔

خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے مطابق یوساکو کو خلا میں لے جانے والی نئی خلائی گاڑی چاند کے گرد ایک چکر لگانے کے بعد زمین پر واپس لوٹ آئے گی۔

ایلن مسک کے مطابق جاپانی خلائی سیاح کا یہ پروگرام ایک ہفتہ کا ہوگا جو 2023 میں کیا جائے گا۔

خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے ساتھ یوساکومازاوا کے طے پانے والے معاہدے کے تحت دوران سفر وہ کسی بھی قیمت یا شکل میں چاند کی زمین پر قدم نہیں رکھ سکیں گے۔ اس کے معنی یہ ہوئے کہ وہ ’چندا ماموں‘ کو چھوئے بغیر واپس لوٹ آئیں گے۔
اسپیس ایکس نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک صرف 24 انسان چاند پر جاسکے ہیں اور 1972 کے اپولو مشن کے بعد سے کسی نے بھی چاند کا سفر نہیں کیا ہے۔
 


متعلقہ خبریں