میگا ایونٹ کا بڑا مقابلہ، پاکستان ٹیم آج بھارت سے ٹکرائے گی


دبئی: ایشیا کپ میں آج پاکستان کی ٹیم اپنے روایتی حریف بھارت  کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہم بیٹنگ، باؤلنگ  اور فیلڈنگ میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔ شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ 

بھارت کے خلاف مقابلے کے لیے قومی ٹیم نے آئی سی سی اکیڈمی میں بھرپور پریکٹس کی۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت اپنا دوسرا میچ کھیل رہے ہیں۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں نے ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گئے میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

پاک بھارت میچ پاکستانی وقت کے مطابق  شام ساڑھے چار بجے شروع ہو گا۔ 

ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلوں پر ایک نظر

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا پہلا ٹاکرا 1984 میں ہوا۔ بھارت کے 188 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 134 رنز بنائے۔ 1988 کے ایشیا کپ میں بھی بھارت فاتح رہا۔ 

1995 میں پہلی بار پاکستان نے بھارت کو ہرایا، پاکستان کی جانب سے دیے گئے 267 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 169 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

1997 کے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے مابین دو میچ شیڈول تھے، بارش کی وجہ سے دونوں میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔ 

پاکستان نے پہلی مرتبہ 2000 میں ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ گروپ مرحلے میں پاکستان نے بھارت کو 44 رنز سے شکست دی۔ 2004میں کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھی پاکستان نے فتح سمیٹی،  شعیب ملک نے 143 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر جیت میں کردار ادا کیا۔

2008 کے ایشیا کپ میں پاکستان بھارت ٹیمیں کراچی میں دو مرتبہ مدمقابل آئیں۔ گروپ میچ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی، سپر فور مرحلے میں پاکستان نے 308 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر کے حساب برابر کیا۔

2010 میں سری لنکا کے دمبولا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔  2012 میں بھی ڈھاکہ کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت نے چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ 

2014 میں ڈھاکہ میں ہی کھیلے گئے میچ میں شاہد آفریدی کے زوردار چھکوں کی بدولت پاکستان نے آخری اوور میں 245 رنز کا ہدف عبور کر کے بھارت کو تاریخی شکست دی۔

2016 کا ایشیا کپ ٹی ٹونٹی طرز پر کھیلا گیا۔ ڈھاکہ میں کھیلے گئے مختصر فارمیٹ کے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 83 رنز بنا سکی، جواب میں بھارت نے 15ویں اوور کی تیسری گیند ہر ہدف حاصل کر لیا۔


متعلقہ خبریں