عمران خان کے لیے بیت اللہ کے دروازے کھول دیے گئے


اسلام آباد: سعودی عرب کے دورہ پر موجود وزیراعظم پاکستان عمران خان کے لیے بیت اللہ شریف کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔

ہم نیوز کے مطابق عمران خان جب عمرہ کے ادائیگی کے لیےخانہ کعبہ  پہنچے تو بیت اللہ شریف کے دروازے خصوصی طور پرعمران خان اور ان کے وفد کے لیے کھولے گئے۔

وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ بیت اللہ میں داخل ہوئے اور نوافل ادا کیے۔ انہوں نے پاکستان اورعالم اسلام کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی، اس سے پہلے وزیراعظم نے عمرہ ادا کیا۔

عمران خان آج سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

 وزیراعظم پاکستان عمران خان سعودی عرب کے سرکاری دورے  پر سرزمین حجاز میں موجود ہیں۔ عمران خان جب مدینہ منورہ سے جدہ پہنچے تو ایئرپورٹ پر مکہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر، جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل شہریاراکبر خان، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔

مکہ آمد سے قبل عمران خان اور ان کے وفد نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کی۔ یہاں بھی وفد کے لیے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔ وفد نے ریاض الجنتہ میں نماز مغرب پڑھی اور نوافل ادا کیے۔

پہلا غیر ملکی دورہ

بطور وزیراعظم یہ عمران خان کا پہلا غیرملکی دورہ ہے، وزارت خارجہ کے مطابق وہ پہلے سعودی عرب اور بعد ازاں متحدہ عرب امارات جائیں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی،  وزیراطلاعات فواد چوہدری، وزیرخزانہ اسد عمر، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ عمران خان اور وفد کے دیگر افراد نور خان ایئربیس سے خصوصی طیارے پر سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

اپنے دورہ کے دوران وزیراعظم سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔سعودی فرمانروا کی جانب سے ان کے اعزاز میں دی جانے والی شاہی ضیافت میں بھی شریک ہوں گے۔


متعلقہ خبریں