پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 80 پوائنٹس کا اضافہ


کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ  میں بدھ  کے روز کاروبار کے دوران اتار چڑھائو کا سلسلہ جاری رہا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس سی 100 انڈیکس 80 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 41320 کی سطح پر بند ہوا۔  

اگرچہ مارکیٹ مثبت زون میں بند ہوئی لیکن گزشتہ روز حکومت کی جانب سے منی بجٹ پیش کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی تیزی  کے رجحان کو برقرار نہیں رکھ سکی۔

بدھ کے روز مارکیٹ میں کاروبار کا آغازمثبت ہوا۔ ابتداء میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 82 پوائنٹس تک کا اضافہ دیکھا گیا لیکن مارکیٹ اس مثبت رجحان کو برقرارنہیں رکھ سکی اورمندی کا شکار ہو گئی۔

حصص کی تجارت کے دوران ایک وقت میں مارکیٹ میں 136 پوائنٹس تک کی کمی ہوئی لیکن بعد مارکیٹ نے اس نقصان پر قابو پا لیا اور مارکیٹ دوبارہ مثبت زون میں داخل ہو گئی۔

کاوربار کے دوران مارکیٹ دن کی بلند ترین سطح 41357 اور کم ترین سطح 41100 پوائنٹس کی سطح  تک گئی۔ بدھ کو 95 کروڑ 32 لاکھ 980 حصص کا کاروبار ہوا جن کی کل مالیت چار ارب 45 کروڑ سات لاکھ 194 رہی۔  

حصص مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے رجحان کے بارے میں ہم نیوز ڈاٹ پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے معاشی تجزیہ نگار اور ٹاپ لائن سیکیوریٹیز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرمحمد سہیل کا کہنا تھا کہ مارکیٹ کل کی تیزی کے بعد آج کنسولیڈیشن کے موڈ میں ہے۔

محمد سہیل نے بتایا کہ سرمایہ کار شدت سے وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کی تفصیلات  کا انتظار کر رہے ہیں۔ سرمایہ کار وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے جڑی توقعات کی وجہ سے محتاط ہوگئے ہیں، جونہی سعودی عرب سے کوئی خبر آئے گی تو بازار حصص اپنی سمت کا تعین کرے گا۔

گزشتہ روز مارکیٹ میں 717 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس 41 ہزار 238 کی سطح پر بند ہوا تھا۔ حکومت کے منی بجٹ کے اعلان کے بعد سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ میں سرگرم ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں