آٹھ محرم الحرام کے جلوس، متعدد شہروں میں موبائل فون سروس معطل


اسلام آباد: ملک بھر کے مختلف شہروں میں آٹھ محرم الحرام کے جلوس نکالے جا رہے ہیں حفاظتی انتظامات کے تحت کراچی، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے جب کہ متعدد مقامات پر موبائل فون سروس معطل ہے۔

بدھ کو ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں آٹھ محرم الحرام کی مناسبت سے حضرت عباسؓ کی یاد میں جلوس اور شبیہہ علم برآمد کیے جا رہے ہیں۔ جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں آٹھ محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنی روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا ہے جب کہ اطراف کی مارکیٹیں بھی مکمل بند ہیں۔

اٹک میں آٹھ محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پنجتنی سے برآمد ہو گا جو شام پانچ بجے امام  بارگاہ حسینیہ کاملپور سیداں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جب کہ ڈرون کیمروں سے بھی جلوس کے راستوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

شکار پور میں بھی حضرت عباس کی یاد میں جلوس نکالا جا رہا ہے جس کی وجہ سے شہر بھر میں موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے جب کہ ڈبل سواری پر بھی آٹھ سے دس محرم تک پابندی عائد ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے جیکب آباد میں بھی موبائل فون سروس بند ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آٹھ محرم کے موقع پر صبح ساتھ سے رات 12 بجے تک سیلولر سروس معطل رہے گی۔

ملتان میں بھی جلوس کے موقع پر متبادل ٹریفک پلان جاری کیا گیا ہے جب کہ شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا ہے کہ نو اور دس محرم کو ضلع میں ڈبل سواری پر پابندی رہے گی۔ دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے اسلحہ کی نمائش وغیرہ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

گوجرانوالہ میں آٹھ محرم الحرام کے موقع پر 76 جلوس برآمد ہوں گے جب کہ 156 مجالس منعقد کی جائیں گی۔ سب سے بڑا جلوس چک چگنہ سے شام چار بجے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا رات سات بجے اختتام پذیر ہوگا۔

محرم الحرام کی مناسبت سے اسلام آباد میں دس روز، سندھ میں تین روز، پشاور اور کوئٹہ میں بھی دس روز جب کہ پنجاب میں دو روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ موبائل فون سروس مختلف شہروں میں دن کے اوقات میں بند رہے گی۔


متعلقہ خبریں