پاکستانی فنکار بھی گرین شرٹس کی فتح کے لیے پُر امید


لاہور: دبئی میں جاری ایشیاء کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا آج ٹکراؤ ہو رہا ہے۔ پاکستانی فنکار بھی گرین شرٹس کی فتح کے لیے پُر امید نظر آ رہے ہیں۔ 

ایشیا میں کرکٹ کی حکمرانی کی جنگ عرب کے صحراؤں میں جاری ہے اور بدھ کو ہونے والے پاک بھارت معرکے کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ 

روایتی حریفوں کے مقابلے سے قبل جہاں ہر شخص ہی پرجوش اور پراُمید نظر آ رہا ہے وہیں پاکستانی فنکار بھی گرین شرٹس کی فتح کے لیے پُر امید ہیں۔ 

پاکستانی فنکار شاہینوں کی فتح کے لیے دُعا گو ہیں، اداکار احسن خان کہتے ہیں کہ ہم جیت کی خبر کے منتظر ہیں کیونکہ ہماری ٹیم بہترین ٹیم ہے۔ 

گلوکارہ رابی پیر زادہ کا کہنا تھا کہ پاکستان متعدد بار بھارتی ٹیم کو شکست دے چکا ہے اور ہم آج بھی پاکستانی ٹیم کے فتح کے لیے پُر امید ہیں۔ 

معروف گلوکار عارف لوہار نے شاہینوں کو دُعائیں دیں تو ماڈل ڈولی بھی پاکستان کی جیت کے جھنڈے گاڑنے کی دُعا کرتی نظر آئیں۔ ریچل خان نے تو گو گرین گو کے نعرے بھی لگائے۔ 

ایشیا کپ کے فاتح کا تو میگا ایونٹ کے اختتام پر ہی پتہ چلے گا لیکن فنکاروں کا کہنا ہے کہ اعصاب شکن مقابلے میں ہمیشہ پاکستان نے ہی فتح حاصل کی ہے اور اُن کے دل اپنی ٹیم کے ساتھ ہی دھڑکتے ہیں۔ 

ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا آج دبئی میں ہو رہا ہے۔ 


متعلقہ خبریں