حضرت عباسؓ سے اظہار عقیدت کے لیے علم کی تیاری



لاہور: محرم الحرام کی آمد کے ساتھ کربلا کے غازی حضرت عباسؓ سے اظہار عقیدت کے لیے نئے علم کی تیاریاں شروع ہو جاتی ہیں۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں گزشتہ کئی دہائیوں سے علم کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے۔ 

حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہُ کے ہاتھوں میدان کربلا میں بلند کیے گئے علم کی یاد میں بنائے جانے والے جھنڈے سے کاریگروں کی عقیدت تیاری کے دوران ان کی محنت سے بھی نظر آتی ہے۔ 

علم کی تیاری کے لیے سیاہ کپڑے کا پرچم اور لکڑی کا دستہ بنیادی حیثیت رکھتا ہے جب کہ پیتل، تانبے اور اسٹیل سے بنا پنجہ بھی اس کا حصہ ہوتا ہے۔

کاریگروں کا کہنا ہے کہ علم کی تیاری انتہائی عقیدت و احترام اور محنت سے کی جاتی ہے۔ یہ علم ملک بھر میں بڑے شہروں کے علاوہ دور دراز علاقوں میں بھی بھیجے جاتے ہیں۔ 

علم کے یہ نادر نمونے لوگ اپنے گھروں اور امام بارگاہوں میں لگا کر حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہُ سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔

عاشورہ کے موقع پر تیار کیے گئے علم اس شہید کربلا کی یاد تازہ کرتے ہیں جو 14 سو سال پہلے کربلا میں شہید ہونے کے باوجود رہتی دنیا تک غازی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں