اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ فیصلوں کی طرح آج کے فیصلے کا احترام واجب سمجھتے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم عدالتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں، پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں۔ اسی طرح قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے جو  اپنی سرگرمیاں خود کرتا ہے، حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت اورعوام کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ قوم چاہتی ہے کہ اس کی لوٹی گئی دولت واپس لائی جائے۔ حکومت اس بنیادی ہدف کا حصول یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے کردار کے حوالے سے قوم کی نظروں میں کوئی ابہام باقی نہیں۔ شریف خاندان ابھی بھی ثابت نہیں کرسکا کہ ان کی ملکیت میں اربوں روپے کہاں سے آئے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پروسیجرل بنیادوں پر آج کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ معاملہ آگے بڑھے گا اور قانون یقیناً اپنا راستہ لے گا۔


متعلقہ خبریں