عوام امن و امان کے لیے سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں، جام کمال


کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، عاشورہ محرم کی سیکیورٹی اور پشین اور قلعہ سیف اللہ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کا جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس کو متعلقہ اداروں کے حکام کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ عاشورہ محرم کے دوران امن برقرار رکھنے کے لیے کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں ایف سی، لیویز اور پولیس تعینات ہو گی۔ 

اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کی معاونت کے لیے پاک فوج اسٹینڈ بائی رہے گی۔ محرم کے جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ نگرانی کی جائے گی، سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر نظر رکھنے کے لیے کنٹرول رومز قائم کر دیے گئے ہیں جو 24 گھنٹے فعال رہیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پشین اور قلعہ سیف اللہ میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ 

 وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  تمام مکاتب فکر کے علما کرام مختلف عقائد کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عاشورہ محرم کے پرامن انعقاد کے لئے سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں۔


متعلقہ خبریں