ن لیگ نے ہمیشہ عدلیہ کے فیصلے مانے ہیں، قیصر احمد شیخ


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ عدلیہ کو عزت دی ہے اور ان کے فیصلوں کو مانا ہے۔

پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے جب بھی نواز شریف کو طلب کیا وہ پیش ہوئے، انہوں نے 100 کے قریب پیشیاں بھگتی ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ جب عدالت نے  نوازشریف کے خلاف فیصلہ کیا تو لوگوں کو امید نہیں تھی کہ وہ ملک واپس آئیں گے لیکن وہ لندن سے اپنی بیٹی کے ساتھ واپس آئے۔ پاکستان میں ایسا پہلے کبھی کسی نے نہیں کیا۔

عدلیہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آج کا فیصلہ عدلیہ کی بہت بڑی کامیابی ہے، یہ فیصلہ میرٹ پر دیا گیا ہے اور ان حالات میں فیصلہ میرٹ پر آنا بہت بڑی بات ہے۔

قیصر احمد شیخ نے بتایا کہ فیصلے کے وقت وہ خود عدالت میں موجود تھے، نواز شریف کے واپس آنے سے پارٹی میں نئی جان پڑ گئی ہے۔

میزبان ثمر عباس سے گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون فیصل چوہدری نے کہا کہ نواز شریف قوم اورعدالت کو کوئی واضح بات نہیں بتا سکے کہ ان کے اثاثہ جات کہاں سے آئے، آج کے فیصلے کے بعد  ن لیگ یہ نہیں کہہ سکتی ہے عدالتیں میرٹ پر فیصلہ نہیں کرتیں۔


متعلقہ خبریں