عمران کا مودی کو خط، بات چیت کا سلسلہ بحال کرنے پر زور


اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو جوابی خط لکھا ہے جس میں دوطرفہ بات چیت کا سلسلہ بحال کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب کے خط کا جواب دیا ہے جس میں مثبت جذبات کا اظہار کیا گیا ہے۔

دفر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے انڈیا کو تمام مسائل گفت و شنید کے ذریعہ حل کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے باقاعدہ جواب کا انتظار ہے۔

قبل ازیں سامنے آنے والی خبر کے متعلق سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران خان نے باضابطہ مذاکرات جلد شروع کرنے کی بات نریندر مودی کے خط کے جواب میں کہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عمران خان نے خط بھارتی وزیراعظم کی جانب سے بامعنی مذاکرات پر زور کے بعد بھیجا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے بامعنی مذاکرات کی بات عمران خان کی وکٹری تقریرکےجواب میں کہی تھی۔ عمران خان نے اپنی ابتدائی تقریر میں کہا تھا کہ تعلقات بہتر کرنے کے لیے بھارت اگر ایک قدم آگے بڑھا تو پاکستان دو قدم بڑھائے گا۔

25 جولائی کے انتخابات میں کامیابی کے بعد کی گئی تقریر میں عمران خان نے تاکیدا کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل حل کریں۔

میڈیا رپورٹس میں خط کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم پر زور دیا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور انڈیا کی وزیر خارجہ ششما سوراج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے سائیڈ لائن پر ملاقات کریں۔

انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے نریندر مودی کو لکھے گئے خط میں کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل حل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کچھ دنوں سے پاکستان اور بھارت کے وزیر خارجہ کی نیویارک میں امکانی ملاقات کے بارے میں اندازے لگائے جارہے ہیں کہ آیا دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوگی یا نہیں۔


متعلقہ خبریں