ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اختتام پذیر

9محرم الحرام، ملک میں مجالس اور جلوس، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

اسلام آباد: ملک بھر میں نو محرم الحرام کے جلوس مقرر کردہ رستوں سے گزر کر اختتام پذیر ہو گئے ہیں۔ مختلف شہروں میں بند موبائل سروس بھی جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئی۔

نو محرم الحرام کو ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں نواسہ رسولﷺ اور ان کے خانوادے کی یاد میں مجالس کا اہتمام کیا گیا اور جلوس بھی نکالے گئے۔

شہر شہر، گاؤں گاؤں اور قریہ قریہ حضرت علی اکبر کی یاد میں ماتم اور پرسہ داری کا سلسلہ جاری رہا۔ 

جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے جب کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں سے بھی جلوسوں کی نگرانی کی گئی۔

کراچی کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہو گیا جب کہ نماز ظہرین امام بارگاہ علی رضا پر ادا کی گئی۔ شاہ نجف مارٹن روڈ سے نکلنے والا جلوس نشتر پارک میں برپا ہونے والی مجلس میں شامل ہوا۔

کراچی کے مرکزی جلوس کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی نگرانی کی گئی۔

لاہور کا مرکزی جلوس نو محرم الحرام کی صبح نکلسن روڈ سے برآمد ہوا۔ جب کہ کرشن نگر میں پاؤنڈ اسٹریٹ سے برآمد ہونے والا شبیہہ علم و ذوالجناح کا جلوس خیمہ سادات سے ہوتا ہوا رات 12 بجے واپس پاؤنڈ اسٹریٹ پہنچے گا۔

جنوبی پنجاب کا مرکزی جلوس دوپہر 12 بجے ممتاز آباد ملتان سے برآمد ہونے کے بعد اپنی روایتی راستوں سے گزرتا ہوا اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔

دارالحکومت اسلام آباد کے جی سکس امام بارگاہ میں مجلس کے بعد عزا داروں نے نوحہ خوانی کرتے ہوئے جلوس برآمد کیا جو اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ اثنا عشریہ میں اختتام پذیر ہو گیا۔

پشاور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ حسینیہ ہال پر اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس کے شرکاء نے نماز ظہرین کالا باڑی کے مقام پر ادا کی۔

نو محرم الحرام کا پہلا جلوس سندھ کے شہر روہڑی سے صبح سویرے برآمد ہوا۔ پانچ سو سالہ قدیمی جلوس میں شمع گل نو ڈھالہ تعزیہ برآمد ہوا۔ ملک بھر سے لاکھوں عزادار پرسہ داری کے لیے اس میں شریک ہوئے۔

مظفر آباد میں مرکزی جلوس دوپہر دو بجے بالا پیر سے برآمد ہونے کے بعد اپنی روایتی راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغربین تک مرکزی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہو گیا۔ 

اوچ شریف میں محرم الحرام کا قدیمی جلوس امام بارگاہ محلہ خواجگان سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی راستوں سے گزر کر اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس کے راستوں پر لنگر نیاز اور سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ 

ڈیرہ اسماعیل خان میں علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ بموں شاہ سے برآمد ہونے کے بعد روایتی راستوں سے ہوتا ہوا جامع مسجد شیعہ لاٹو فقیر پر جا کر اختتام پذیر ہو گیا۔

اٹک کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ کامپلور سیداں سے برآمد ہونے کے بعد کربلا حلیم شاہ پر اختتام پذیر ہو گیا۔

گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر دور دراز علاقوں میں بھی مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جلوسوں میں امام حسین کے جواں سال صاحبزادے کی شہادت پر عزادار نوحہ کناں ہیں۔

موبائل فون سروس معطل، ڈبل سواری پر پابندی

ملک بھر کے بڑے شہروں میں نو اور دس محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے باعث صبح نو بجے سے رات نو بجے تک موبائل فون سروس بھی معطل رہی جب کہ اسلام آباد کے ایف اور جی سیکٹرز میں موبائل سروس معطل رہی۔ اس وقت جزوی طور پر موبائل سروس بحال ہونا شروع ہو چکی ہے۔

ملک کے بیشتر حصوں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔ پنجاب بھر میں نو اور دس محرم الحرام کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہے جب کہ سندھ میں آٹھ سے دس محرم تک تین روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں دس روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔ 


متعلقہ خبریں