عمران خان کی بھارت نے مان لی: وزرائے خارجہ ملاقات ہوگی


دہلی: بھارت نے  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر پاک بھارت وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملاقات سائیڈ لائن پرہوگی۔

بھارتی ذرائع ابلا غ کے مطابق ملاقات پاکستان کی خواہش پرکی جائے گی البتہ بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستانی وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج کے درمیان ہونے والی ملاقات کا وقت اورتاریخ نہیں بتائی ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو خط لکھ کر پاک بھارت وزرائے خارجہ کے درمیان بات چیت کا آغاز کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

پاکستان اوربھارت کے وزرائے خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ماہ رواں ہی نیویارک میں موجود ہوں گے۔

مؤقر بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی تاریخ اور وقت کا تعین باہمی مشورے سے کیا جائے گا۔

بھارتی وزیرخارجہ 24 ستمبر کو نیویارک کے لیے روانہ ہوں گی اوراپنے وفد کی قیادت کریں گی۔ پاکستان کے اعلی سطحی وفد کی قیادت مخدوم شاہ محمود قریشی کریں گے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستان اوربھارت کے وزرائے خارجہ 27 ستمبر کو ایک ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے جس میں سارک ممالک کے وزرائے خارجہ مدعو ہیں۔


متعلقہ خبریں