روسی طیارے کی تباہی، اسرائیلی ائیر چیف کا دورہ ماسکو

روسی طیارے کی تباہی کا معاملہ، اسرائیلی ائیر چیف کا دورہ ماسکو|humnews.pk

ماسکو: شام میں تباہ ہونے والے روسی فوجی طیارے کے معاملے پر اسرائیلی ایئرچیف جمعرات کو ماسکو کا دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اس دورے کا مقصد روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کر کے طیارے کی تباہی کے معاملے کی وضاحت دینا ہے۔

گزشتہ روز شام میں ایک روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس میں سوار 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ روس نے اس کا الزام اسرائیل پر عائد کیا تھا۔

ماسکو کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے دانستہ روسی جہاز کو شام کے دفاعی نظام کی جانب دھکیلا جس کے نتیجے میں وہ حادثے کا شکار ہو گیا۔

ماسکو نے واقعہ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو جوابی کارروائی کا عندیہ بھی دیا تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے روس کو پیشکش کی ہے کہ وہ ماسکو کے ساتھ حادثے کے دن کے ڈیٹا کا  تبادلہ کرسکتا ہے اور اس  سلسلے میں اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ کو بھی بھیجا جائے گا۔

گزشتہ روز روسی فوجی طیارہ اس وقت رڈار سے غائب ہوگیا تھا جب وہ بحیرہ روم کی ساحلی پٹی سے 15 کلومیٹر دور تھا، بعد میں تباہ  حال طیارے کا ملبہ بحیرہ روم  کے قریب سے برآمد ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں