واپڈا کی ٹیم پر ظالمانہ تشدد، 2 ملزمان گرفتار


شکرگڑھ: تھانہ شاہ غریب کے علاقے میں گیپکو افسروں پر ظالمانہ تشدد کا واقعہ سامنے آ گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موضع نعمت پور میں تین واپڈا افسران کو اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ افراد بجلی چوری کی اطلاع ملنے پر ایس ڈی او سب ڈویژن نمبر2 اور دیگر دو افسران موقع پر پہنچے تھے۔ ملزمان کنڈا لگا کرچوری کی بجلی سے ٹیوب ویل چلا رہے تھے۔

پولیس کے مطابق واپڈا ٹیم کو ڈنڈوں اور آہنی راڈوں سے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قریبی حویلی کے کمرے میں بند کر دیا گیا۔

ایس ڈی او لطیف حسین نے بتایا کہ واپڈا ٹیم کے میٹر کاٹنے پر ملزمان نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور گن پوائنٹ پر لے جا کر کمرے میں بند کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے واپڈا ٹیم سے ان کے موبائل فون اور کاغذات بھی چھین لیے تھے۔ 15 پر کال کرنے کے گھنٹوں بعد شاہ غریب پولیس نے ٹیم کو بازیاب کرایا۔

پولیس ذرائع کے مطابق چھ ملزمان کے خلاف اغوا اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جب کہ دو ملزمان کو گرفتاربھی کر لیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں