خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار

Karachi Rain

پشاور: خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا تاہم بعض علاقوں میں آندھی اور طوفان کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاورمیں گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نواحی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

دوسری جانب مردان اور گردونواح میں شدید آندھی اور طوفان کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی، آندھی کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ کر سڑکوں پر آ گرے اورمٹی اور گردوغبار سے فضا گرد آلود ہو گئی۔ بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا جس کی وجہ سے شہریوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی طرح صوابی میں بھی  بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا اور فضا میں خنکی بڑھ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم اسلام آباد، گلگت بلتستان، راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن، اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں