دنیا میں 1.3 ارب سے زائد لوگ غربت کا شکار

دنیا میں 1.3 ارب سے زائد لوگ غربت کا شکار

نیویارک: دنیا کے 104 ممالک میں 1.3 ارب افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں جو ان ممالک کی آبادی کا چوتھا حصہ بنتا ہے، دنیا کی 75 فیصد آبادی ان مملک میں رہتی ہے۔ 

یہ بات اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام اور آکسفورڈ پاورٹی اینڈ ہیومن ڈیویلپمنٹ  کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتائی گئی، رپورٹ کے مطابق خط غربت سے نیچے کی درجہ بندی میں آنے والوں میں 18 سال سے کم عمر کے 66.2 کروڑ بچے بھی شامل ہیں جو غربت کے شکار افراد کا 46 فیصد بنتا ہے۔۔

رپورٹ کے ذریعے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ان افراد میں 1.1 ارب دیہی علاقوں میں رہتے ہیں گویا دیہی علاقوں میں غربت کی شرح شہری علاقوں کے مقابلے میں چار گنا زیادہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد میں 83 فیصد کا تعلق صحرائے اعظم کے جنوب میں براعظم افریقا اور جنوبی ایشیا سے ہے۔ 

اقوام متحدہ کے مطابق خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے کا معیار ایسے لوگ ہیں جن کی یومیہ آمدنی 1.9 ڈالر یا اس سے کم ہے۔

رپورٹ میں مختلف ممالک کی تعریف بھی کی گئی ہے جنہوں نے بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت اپنے شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو خط غربت سے باہر نکالا ہے۔


متعلقہ خبریں