پنجاب بھر کے اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج

ینگ ڈاکٹرز کا حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کے مختلف اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتالوں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔  

ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن نے آج سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز نے رحیم یار خان کے شیخ زید اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر سے بدسلوکی کے بعد احتجاج کا اعلان کیا۔

ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن (وائے ڈی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام تر اسپتالوں کی او پی ڈیز کو بند کیا جا رہا ہے۔ سروسز اسپتال، جنرل اسپتال، چلڈرن اسپتال، جناح اسپتال، میئو اسپتال، پی آئی سی اسپتال سمیت دیگراسپتالوں کے شعبہ آؤٹ ڈور میں کام بند ہے۔

وائے ڈی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ اسپتالوں کو مریضوں اور ڈاکٹروں کے لیے محفوظ بنانے تک جاری رہے گی۔ واقعہ شیخ زید اسپتال کے ملزم کو سزا اور سیکیورٹی کے قوانین وضح کیے بغیر او پی ڈیز نہیں کھلیں گی۔

واضح رہے کہ وزارت صحت پنجاب شیخ زید اسپتال واقعہ میں غفلت برتنے پر پرنسپل اورایم ایس کو معطل کرچکی ہے۔

اسی سلسلے میں ملتان کے ڈاکٹرز نے چلڈرن کمپلیکس اور شہباز شریف جنرل اسپتال میں بھی کام بند کر دیا ہے جس کے باعث دور دراز سے آئے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بہاولپور کے وکٹوریہ اسپتال میں بھی ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث او پی ڈی سمیت دیگر شعبہ جات بند ہیں۔

دور دراز سے آئے مریض اسپتال کے عملے اور سیکیورٹی گارڈز کی منت سماجت کے ساتھ فریاد کر رہے ہیں کہ جب مسیحا بھی کام بند کردیں تو وہ کہاں جائیں؟

دوسری جانب ڈاکٹروں نے تحفظ کا بل پاس ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔


متعلقہ خبریں