عمران خان کل لاہور کا دورہ کریں گے


لاہور: وزیراعظم عمران خان اتوار کو لاہور کا دورہ کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وہ پنجاب کابینہ کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو حکومت کے سو روزہ پلان پرعمل درآمد پر بریف کیا جائے گا جب کہ وزیراعظم  کو نئے بلدیاتی نظام کے بارے بھی بریفنگ دی جائے گی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی نظام کا حتمی مسودہ تیار کر لیا ہے، آج وزیر بلدیات علیم خان وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو بلدیاتی نظام کے مسودے پر بریف کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان پنجاب پولیس کے نظام کی بہتری کے لئے بنائے گئے کمیشن کے سربراہ ناصر درانی سے بھی ملاقات کریں گے اور پنجاب بھر کے ڈویژنل آفیسرز سے ویڈیو لنک پر خطاب بھی کریں گے۔

وزیر اعظم پنجاب کابینہ کے چار ارکان سے بھی ان کے محکموں بارے میں خصوصی بریفنگ لیں گے۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب  کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہو گی۔

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی اور تحریک انصاف کے عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر کہا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی، ہم 100 روز میں عوام کو ریلیف کا احساس دلانے کے لیے شب و روز کوشاں ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلایا گیا مگر اب کھوکھلے نعروں کا دور گزر چکا، ہمارے عملی اقدامات کی گواہی خود عوام دیں گے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سادگی اور کفایت شعاری کی مثال قائم کی ہے اور صوبہ پنجاب اپنے کپتان کی توقعات کو پورا کرے گا۔


متعلقہ خبریں