وزیراعلیٰ پنجاب واٹس ایپ پر حکومت چلانے لگے

فوٹو: فائل


لاہور: ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اپنی تمام مصروفیات واٹس ایپ گروپوں تک محدود کر لیں جس کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا پر موضوعِ تنقید بن گئے ہیں۔

 پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ایک مرتبہ بھی باقاعدہ پریس کانفرنس نہیں کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اپنی تمام مصروفیات سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے تعینات کردہ ملازموں کے ذریعے صرف واٹس ایپ گروپوں میں شیئر کراتے ہیں جس کے باعث مختلف حلقے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے میڈیا کا سامنا نہ کرنے پر کئی سوالات اٹھنے لگے ہیں خاص طور پر سوشل میڈیا پر ان پر بہت تنقید کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پارٹی قیادت نے میڈیا کا سامنا کرنے سے منع کر رکھا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان بھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی مصروفیات سے لاعلم ہیں اور کسی بھی دورے پر وہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ نظر نہیں آتے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات کے متنازعہ ہونے کی وجہ سے وزیر اعلیٰ انہیں ساتھ رکھنے سے اجتناب کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں