وزیر اعظم دورہ سعودی عرب پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورہ سعودی عرب سے متعلق پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان جلد قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین سے خطاب کریں گے اور اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے متعلق پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔ وزیر اعظم دورے کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیر اعظم کے سعودی عرب کے دورے کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ پی ٹی آئی  کی قیادت نے وزیر اعظم کو اپنے دورہ سعودی عرب پر خود بات کرنے کا مشورہ دیا جس کے بعد وزیر اعظم نے پارلیمنٹ سے خطاب کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ہفتے کے شروع میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سعودی عرب کا  دو روزہ دورہ کیا تھا، اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد سلمان سے ملاقات کی تھی اور ان سے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی تھی۔

دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر خزانہ اسد عمر اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی تھے۔


متعلقہ خبریں