حینف عباسی کو کچھ ہوا تو مخالفین ذمہ دار ہوں گے،اہلیہ


راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور اڈیالہ جیل میں قید حنیف عباسی کی اہلیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے خاوند کو سیاسی مخالفین کی جانب سے بدترین انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

حنیف عباسی کو اڈیالہ سے اٹک جیل منتقل کرنے کے حکومتی اقدام پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے خاوند عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور پولن الرجی کے مر یض بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چند ہفتے قبل ہی ان کے دل کے والو میں اسٹنٹس ڈالے گئے ہیں جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں جیل اسپتال میں رکھنے کے لیے کہا تھا لیکن انہیں ضروری ادویات بھی پہنچانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

حنیف عباسی کی اہلیہ نے نے خبردار کیا کہ اگر ان کے خاوند کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار سیاسی مخالفین اورحکومت پنجاب ہوگی۔

انہوں نے سوال کیا کہ جب حنیف عباسی سمیت کوئی بھی قیدی اپنی مرضی سے سپرٹنڈنٹ کے کمرے میں نہیں آسکتا تو پھر جیل انتظامیہ کے خلاف انکوائری کرنے کے  بجائے ان کے خاوند کو انتقامی کاروائی کا نشانہ کیوں بنایا گیا؟

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد جب رہائی ہوئی تو اس وقت جیل سپرٹنڈنٹ کے کمرے کی جو تصویر سوشل میڈیا پر جاری ہوئی اس میں پی ایم ایل (ن) کے قائد اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے ہمراہ حنیف عباسی بھی بیٹھے نظر آرہے تھے۔

سوشل میڈیا پر یہ سوالات تاحال زیرگردش ہیں کہ جیل سپرٹنڈنٹ کے کمرے میں حنیف عباسی کیا کررہے تھے؟ اس پر حکومت کونکتہ چینی کا سامنا ہے۔

حنیف عباسی کو سوشل میڈیا پر آنے والی تصویر کے بعد اڈیالہ سے اٹک جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایفی ڈرین کیس میں سزایافتہ ہیں۔ انہوں نے سزا کے خلاف اپیل دائر کی ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں