گورنرہاؤس لاہور میں داخلے کے اوقات کار تبدیل


لاہور: گورنر ہاؤس لاہورمیں فیملیز کے داخلے کے اوقات کار تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان گورنرہاؤس نے بتایا ہے کہ گورنر ہاؤس کا کچھ مخصوص حصہ ہر اتوار کے روز صبح نو سے دوپہر 12 بجے تک اور دوپہر دو سے شام پانچ بجے تک فیملیز کے لیے کھلارہے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس میں صرف فیملیز کو جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہاں آنے والے افراد شناختی کارڈز ہمراہ لانا نہ بھولیں۔

گورنر ہاؤس میں داخلے کی اجازت صرف انارکلی گیٹ بالمقابل الحمرا آرٹ کونسل سے ہوگی۔

سیر کے لیے آنے والی فیملیز کو کھانے پینے کی اشیاء ہمراہ نہ لانے کی تاکید کی گئی ہے۔ جاری کردہ ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ سیر کے دوران فیملیز پارکوں میں کچرہ وغیرہ نہ پھینکیں بلکہ اِس کے لیے مخصوص کچرا دان استعمال کریں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس قومی اثاثہ ہے لہذا اس کی دیکھ بھال پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ ہدایت نامہ میں پودوں اور پھولوں کی حفاظت کرنے کی بھی تاکید کی گئی۔


متعلقہ خبریں