بھارتی آرمی چیف سیاسی آلہ کار نہ بنیں، فواد چودھری

خلا میں جانے والا پہلا پاکستانی، لڑکی بھی ہوسکتی ہے: فواد چودھری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں لہذا جنگ ممکن نہیں۔ انہوں نے تمام مسائل کا حل مذاکرات میں مضمر قرار دیا۔

پاکستان ٹیلی وژن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان امن کروڑوں عوام کے فائدے میں ہے اور ہم اب بھی قیام امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان امن کی بات کررہے ہیں جب کہ بھارت دھمکی کی زبان استعمال کر رہا ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہم نے امن کے لیے پہلے ہاتھ آگے بڑھایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ کون امن اور کون جنگ چاہتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے پاکستان اور بھارت کے رویوں میں موجود فرق کو بھی ساری دنیا نے دیکھ لیا ہے۔

بھارتی آرمی چیف کے بیان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پر امن ملک کی حیثیت سے پاکستان امن کا خواہاں ہے اور بھارتی آرمی چیف کو سمجھنا چاہیے کہ وہ بھارتیا جنتا پارٹی کے سربراہ نہیں ہیں۔ انہوں نے بھارتی فوج کے سربراہ کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی آلہ کار کے طور پر بیان بازی سے گریز کریں۔

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی خلفشاراورداخلی دباؤ کے باعث اس طرح کی حرکتیں کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف نفرت پھیلا کر بھارتی عوام کی توجہ وزیراعظم مودی کے کرپشن اسکینڈل سے ہٹانا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا جانتی ہیں کہ رافیل ڈیل بے نقاب ہونے کے بعد بھارتی وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار ملک کی حیثیت سے پاکستان امن کا خواہاں ہے اور ہم  بھارتی حکمران طبقے کی جنگی جنون پیدا کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اپنے رد عمل میں بھارتی آرمی چیف کی جانب سے دی گئی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں چند مجاہدین کے سامنے لاکھوں بھارتی فوجی بے بس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی آرمی دنیا کی بزدل ترین فوج ہے جو بچوں، عورتوں اور نہتے کشمیریوں پر ظلم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج پاک فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کشمیری پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں جو سیسہ پلائی ہوئی دیوار سے بھی مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف اور اس کی بزدل فوج کے لیے آزاد کشمیر کے عوام ہی کافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چند مجاہدین کے مقابلے میں بھارت نے چھ لاکھ فوج بٹھا رکھی ہے۔ انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کو فوج کہنا بھی فوج کی توہین ہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارتی آرمی چیف کو دھمکی دیتے ہوئے ماہ ستمبر کی تاریخ یاد کرلینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری دھرتی ماں ہے اور اس کی عزت، وقار، تحفظ، دفاع اور سلامتی کے لئے پاک فوج اورعوام ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی نہ رہے، پاک فوج عوام کی مکمل قوت کے ساتھ  دفاع وطن کے مقدس فرض کی بجا آوری کے ہمہ وقت تیار ہے، بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاک فوج سے بدلہ لینے کی بات کرنے والے جان لیں ہر پاکستانی، فوج کا سپاہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر ذمہ داری جنوبی ایشیا میں امن و خطے میں ترقی کی دشمن ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بھارتی فوج فوری طور پر اپنے جنگی جنون کولگام دے اورخطے کو بدامنی کی بھینٹ نہ چڑھائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ بھارتی دفتر خارجہ اور آرمی چیف کا رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ بھارت ہمیں اوردنیا کو یہ بتائے کہ وہ گذشتہ 70 سالوں سے کشمیریوں سے کس بات کا بدلہ لے رہا ہے ؟

پی پی پی کی رہنما اوررکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا کہ دھونس اور دھمکی کی سیاست بھارت کا وطیرہ رہا ہے۔ 

انہوں نے مشورہ دیا کہ بھارت ہٹ دھرمی چھوڑے اورامن کی بات کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی عوام اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے حکومت پاکستان کو مشورہ دیا کہ کلبھوشن یادوو اور بھارت کی بلوچستان میں دہشگرد کارروائیوں کو اقوام متحدہ میں بھرپور انداز میں اٹھائے۔ 

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اورانسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ 

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور بھارت کو پاکستان کے بارے میں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر جوغاصبانہ قبضہ کیا ہے وہ اسے ایک دن اسے چھوڑنا پڑے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی ادارے بھارتی آرمی چیف کے شرانگیز بیان کا نوٹس لیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان دشمنوں کے دانت کھٹے کردے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت یاد رکھے کہ نہ وہاں گھاس اگے گی اور نہ برلے جی کے مندر میں خیرات بٹنے کی گھنٹی بجے گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ملک کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھایا تو بھارتیوں کو غلط فہمی ہوگئی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر آصف کرمانی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ بھارتی فوج دہشت گردی کی علامت اور اس کے آرمی چیف خود سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں دن دیہاڑے دہشت گردی میں ملوث ہے۔

سینیٹر آصف کرمانی نے کہا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے کی آنکھیں پھوڑ دیں گے اور  مکروہ عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری انڈین آرمی چیف کی دھمکی کا نوٹس لے۔


متعلقہ خبریں